پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پولیس سیاسی دباؤ سے آزاد ہوکر فرائض انجام دے رہی ہے، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بلوچ لیوی کی کمانڈ پولیس کے حوالے کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پیر کو سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور پولیس میوزیم کا بھی معائنہ کیا، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے وزیراعلیٰ کو پولیس کارکردگی اور اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایاکہ انار کلی دھماکے کے ملزم جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا پولیس افسروں سےخطاب میں کہنا تھا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا، پنجاب پولیس کی 12ہزار 278 آسامیوں پر بھرتی کی جارہی ہے۔ منجمد الاؤنس بحال کرکے اس میں اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے شہید پولیس افسروں اور اہلکاروں کے گھرانے کے 2 افراد کو ملازمت دینے کی اصولی منظوری بھی دی اور ہدایت کی کہ پولیس افسر باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگائیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
Comments are closed.