پنجاب سمیت ملک بھر میں بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں، 5 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔
فیصل آباد، گوجرانوالہ، جھنگ، مری، چکوال، کوہاٹ، پارا چنار سمیت کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں سے براحال ہوگیا، نظام زندگی درہم برہم تو سڑکیں تلاب بن گئیں، کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔
فیصل آباد اورمیانوالی میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، میانوالی میں سیلابی ریلے سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
گوجرانوالہ، جھنگ اور مری میں بھی تیز بارش ہوئی جبکہ کامونکی اور جڑانوالہ میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے ایک نوجوان اور 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
گوجرانوالہ میں 125 اور فیصل آباد میں 89 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ادھر پارا چنار میں ایک لڑکی اور کوہاٹ میں چھت گرنے سے 2 بچے جان کی بازی ہار گئے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی صبح سے وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں عید الاضحیٰ کے دوران ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے کمال خیل میں بارشوں کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور ماں باپ زخمی ہوگئے۔
لوئردیر اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے پنچ کوڑہ میں سیلابی صورتحال کے باعث ضلعی انتظامیہ نے دریا کنارے مقیم لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات کردی۔
آزاد کشمیرکے مختلف اضلاع میں کل سے ہی کہیں ہلکی اورکہیں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، میرپور، مظفر آباد، نکیال، باغ، پلندری، وادی نیلم میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ہے اور دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔
گلگت بلتستان کے شہر چلاس اور مضافاتی علاقوں میں بھی قفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
Comments are closed.