پنجاب آج بھی دھند اور فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث مختلف پروازوں کا رخ دوسرے شہر کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 17 افراد زخمی ہوگئے۔
لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پر دھند کے باعث پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق 14 گھنٹوں میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر 6 بین الاقوامی پروازوں کو بھیجا گیا۔
ادھر لودھراں میں دھند کے باعث بس اور دو ٹریلروں کی ٹکر سے 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ فیصل آباد میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 11 افراد زخمی ہوئے۔
علاوہ ازیں وہاڑی اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر ہو کر رہ گئی۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج بھی لاہور پہلے، دہلی دوسرے اور کراچی تیسرے نمبر پر رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند چھائی ہوئی تھی جس کے باعث فلائٹ اور ٹرین شیڈول متاثر ہوا تھا جبکہ ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔
Comments are closed.