اتوار 15؍جمادی الثانی 1444ھ8؍جنوری 2023ء

پنجاب حکومت کا یومیہ گندم کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ

پنجاب کے محکمۂ خوراک نے یومیہ گندم کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ لاہور مس نعیم افضل نے کہا کہ گندم کا کوٹہ 21 ہزار ٹن سے بڑھا کر 23 ہزار ٹن کر دیا ہے، پنجاب میں گندم کے وافر اسٹاک ہیں، کوئی قلت نہیں ہے۔

مس نعیم افضل کا کہنا ہے کہ صوبے میں روزانہ 14 لاکھ 40 ہزار 10 کلو سستے آٹے کے تھیلے فروخت ہوں گے، 10 کلو آٹے کا تھیلہ 648 روپے کی قیمت میں فروخت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا اور گندم کی خوردبرد کے خلاف کارروائی جاری ہے، 11 کروڑ روپے کے جرمانے بھی کیےگئے ہیں، گندم اور آٹا مہنگا کرنے کے لیے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کمشنر لاہور نے روٹی کی قیمت بڑھانے سے انکار کر دیا۔

روٹی کی قیمت نہ بڑھانے پر نان بائی ایسوسی ایشن نے جمعرات کو احتجاج کا اعلان کر دیا۔

نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جمعرات کی دوپہر ڈی سی اور سول سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق محکمۂ خوراک پنجاب کے اقدامات سے آٹے کی ترسیل بڑھ گئی، لاہور کے مختلف علاقوں میں سرکاری آٹا مقررہ نرخوں پر دستیاب ہے۔

پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد 170 گرام کی روٹی 30 روپے کی فروخت کی جانے لگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 کلو کا سستے آٹے کا تھیلہ 648 پر مل رہا ہے، 15 کلو کمرشل آٹے کے تھیلے کی قیمت کم نہ ہو سکی، 15 کلو کمرشل آٹے کا تھیلہ 2 ہزار 50 روپے میں مل رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.