مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان اور اتحادیوں نے پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی، ایوان میں توڑ پھوڑ کرنے والے ارکان کی رکنیت معطل ہونی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی نے ساڑھے 3 سال پریس کو اسمبلی میں داخل نہیں ہونے دیا، پرویز الہٰی خوف کریں، اس طرح الیکشن نہیں جیتے جاتے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبر 198 تھے، ہم خون خرابے سے بچنا چاہتے تھے جو پرویز الہٰی کرانا چاہتے تھے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آج توڑ پھوڑ کرنے والے ارکان پر پنجاب اسمبلی کے ایوان میں داخلے پر پابندی لگائی جائے، ہم رات 12 بجے تک یہاں ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ پنجاب اسمبلی میں الیکشن کرایا جائے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ سارے معاملے کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جب تک چیف جسٹس نوٹس نہیں لیتے صورتِ حال ٹھیک نہیں ہو گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کرنے والے ارکان کی رکنیت معطل کی جائے، ہم پُر امن رہیں گے، ایک پتہ تک نہیں توڑیں گے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسمبلی میں خدا کی قسم ہم نے توڑ پھوڑ نہیں کی، آج وہاں چوہدری پرویز الہٰی کے لوگ بھی موجود تھے۔
Comments are closed.