الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کیے جانے کے فیصلے کے بعد پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم کی نئی صورت حال سامنے آگئی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے کل ارکان 371 ہیں، 25 ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد 346 کا ایوان ہے، نئی صورتحال کے بعد صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کے 158 ووٹ رہ گئے۔
ڈی سیٹ ہونے والوں میں 5 ارکان مخصوص نشستوں پر تھے، 5 مخصوص نشستیں ملنے پر تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 163 ہو جائے گی۔
پنجاب اسمبلی میں ق لیگ کے 10 ارکان اسمبلی ہیں، مسلم لیگ کے 165 اور پیپلز پارٹی کے7 ارکان ہیں، پنجاب اسمبلی میں 4 آزاد ارکان اور ایک رکن راہ حق پارٹی کا ہے۔
صوبائی اسمبلی میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اتحادیوں کی تعداد 177 بنتی ہے، مسلم لیگ ن کے 4 منحرف ارکان اگر اس اتحاد کے ساتھ نہ ہوں تو ووٹ 173 رہ جائیں گے۔
نئی صورتحال میں چوہدری نثار کا ووٹ اہمیت کا حامل ہوگا، نئی صورتحال میں چار آزاد ارکان کا ووٹ بھی اہمیت کا حامل ہوگا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا کہ منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس منظور کرلیا ہے۔
Comments are closed.