14 مئی کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے میڈیا کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ (ضابطہ اخلاق) جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران میڈیا پر نشر کیا جانے والا مواد نظریہ پاکستان کےمطابق ہو، ملک کی سالمیت خود مختاری اور عدلیہ کی آزادی کے خلاف کوئی مواد شائع اور جاری نہیں کیا جائے گا۔
انتخابی مہم کے دوران قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے بیان شائع نہ کیے جائیں، اخبارات، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا بھی اس کے پابند ہوں گے۔
مذہب، نسل، جنس، ذات برادری سمیت ذاتی حملوں سے گریز کیا جائے، اس طرح کی کسی بھی شکایت پر قانونی کارروائی کی جائے گی، اگر کوئی امیدوار کسی دوسرے امیدوار کے خلاف الزام لگائے تو میڈیا دونوں کا مؤقف چلائے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق میڈیا امیدوار یا سیاسی جماعت کے اشتہارات کے اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا، میڈیا کے نمائندے الیکشن کے عمل میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا پرسنز کسی بھی سیاسی جماعت کا انتخابی نشان یا کوئی علامت ساتھ نہیں رکھیں گے، پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے تک میڈیا سرکاری نتائج نشر نہیں کرے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے میڈیا کی اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنائیں، میڈیا سرکاری اخراجات سے چلنے والی سیاسی مہم کا حصہ نہ بنے، میڈیا کو الیکشن مہم کے دوران پولنگ کے دن امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والے مواد سے اجتناب کرنا چاہیے۔
ایکریڈیشن کارڈ رکھنے والے صحافیوں کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی، میڈیا پرسنز بیلٹ کی راز داری کو یقینی بنائیں گے، میڈیا نمائندوں کو گنتی کے عمل کا مشاہدہ کرنے کی اجازت ہوگی۔
Comments are closed.