وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کا ہدف ہے،الیکشن کمیشن ای وی ایم کے حوالے سے ایک ہفتہ میں ٹینڈر جاری کرے، کوتاہی سے ٹائم گزرا تو بڑی مشکلات ہوں گی، الیکشن کمیشن تاخیری حربے استعمال کررہا ہے یا نہیں، عملی اقدامات سے ثابت کرے۔
اسلام آباد میں تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن بتائے کون سی مشینیں چاہئیں،اس میں کیا ہونا چاہیے؟جو مشین ہم نے بنائی ہیں وہ چاہیے تو ہم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے حوالے سے کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کرے، ٹینڈر جاری کرے،جو کمپنی معیار پر پورا اترے اسے ای وی ایم بنانے کا ٹاسک دیا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تاخیری حربوں کا جواب الیکشن کمیشن دے گا،قانون بنے بھی ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہے۔
اس سے قبل تقریب میں شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان حلال اتھارٹی ایک اپاہج ادارہ تھا، ہماری کوشش ہے پاکستان حلال اتھارٹی عملی طور پر آگے جائے۔
ان کاکہنا تھا کہ حلال فوڈ اتھارٹی کا قیام اور کردار اتنا بڑا ہے کہ ہمیں کمٹمنٹ کے ساتھ چلنا ہے، عالمی مارکیٹ میں اپنا لیڈرشپ کا کردار ادا کرنا ہے، مہم ہونی چاہیے جس میں معلوم ہو کھانے پینے کی چیزیں کیسے حلال بنتی ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ہمارا مذہب انسانیت اور مسلمانوں کیلئے گائیڈ لائن ہے،میرا سائنس سے نہیں بلکہ فنانس سے تعلق ہے، میں ٹیکسٹائل کے خلاف نہیں لیکن ہمارا ملک صرف ٹیکسٹائل پر زندہ نہیں رہ سکتا۔
اس موقع پر انہوںنے فیض صاحب نے ایک شعر بھی پڑھتے ہوئے کہاکہ وصال یار فقط آرزو کی بات نہیں۔
Comments are closed.