محکمہ صحت پنجاب نے کورونا پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے 7 اضلاع کے بڑے تدریسی اسپتالوں میں امراض چشم ،جلد ، ناک کان گلہ اور دانتوں کے امراض کے شعبہ جات کو مزید 7روز کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جاری کیے گئے نوٹیفیکشن کے مطابق ان شعبوں کے معمول کے آپریشن بھی 27 اپریل تک موخر رہیں گے۔
حکومت پنجاب کے اسپیشلائز ایڈ ہیلتھ کیئر میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق پنجاب کے 7 اضلاع فیصل آباد ، لاہور، سرگودھا ، گوجرانواالہ ، گجرات ، سیالکوٹ ، ملتان اور راولپنڈی میں کورونا پھیلاؤ کے روک تھام کے لیے تدریسی اسپتالوں کے 4 شعبوں میں بیرونی مریضوں کی بندش میں 7روز کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔
کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی نہ ہونے کی وجہ سے ان شعبوں کے ڈاکٹرز نرسسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا مریضوُں کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے جبکہ ان چاروں شعبوں کے معمول کے آپریشن بھی 27 اپریل تک موخر رہیں گے۔
ان شعبوں کے مریضوں کے لیے آوٹ ڈور کی سہولت دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ 27 اپریل کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
Comments are closed.