وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سکھر سے پانی نیچے جارہا ہے، پی ڈی ایم اے کو کہا ہے کہ پمپنگ مشینوں کا فوری بندوبست کیا جائے۔
وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کے لیے فوری نکاسی آب کا کام شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں بارشوں اور سیلاب کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی اور کئی اہم فیصلے ہوئے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ دادو میں ایف پی بند میں شگاف کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ شگاف محکمہ آبپاشی اور فوج کے انجینرز مل کر بند کریں گے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ خیرپور اور نوشہرو فیروز کا پانی روہڑی کینال میں ڈالا جائے گا، سکھر سے پانی نیچے جا رہا ہے مگر کوٹری سے پانی آہستہ کم ہو رہا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کوٹ ڈیجی خیرپور سے بھی ہانی نکالا جائے گا۔
Comments are closed.