بدھ 16؍ذوالحجہ 1444ھ5؍جولائی 2023ء

پشاور ہائیکورٹ: علی محمد خان کیخلاف کیسز کی تفصیلات 7 دن میں طلب

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کے خلاف کیسز کی تفصیلات 7 دن میں طلب کرلیں۔ 

سابق وفاقی وزیر علی محمد خان کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ 

عدالت عالیہ نے علی محمد خان کے خلاف کیسز کی تفصیلات 7 دن میں طلب کرلیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواستگزار کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

علی محمد خان کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کی ضمانت منظور ہوجاتی ہے لیکن جیل سے نکلتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 7 بار علی محمد خان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ اس وقت علی محمد خان کہاں ہیں جس پر علی زمان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ علی محمد خان اس وقت مردان جیل میں ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک ہفتہ قبل ہائیکورٹ میں لسٹ جمع کی تھی کہ علی محمد خان کے خلاف ایک کیس ہے، تاہم ضمانت منظور ہوئی تو علی محمد خان کو ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔ 

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت حکم دے کہ آئندہ سماعت تک درخواستگزار کو کسی اور کیس میں گرفتار نہ کیا جائے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایسا حکم ابھی جاری نہیں کرسکتے، ریکارڈ دیکھ کر آرڈر کریں گے۔

صوبائی حکومت، محکمہ اینٹی کرپشن، قومی احتساب بیورو (نیب)، پولیس و دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.