پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کی شکست ہمارے لیے بہت سخت تھی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے پیغام میں وہاب ریاض نے کہا کہ میرے خیال میں ہم نے فیلڈنگ کے دوران 30 سے زائد رنز زیادہ دیے، ہم میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک یونٹ کے طور پر خود کو بہتر بنانے اور آنے والے میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔
وہاب ریاض نے لاہور قلندرز کو گزشتہ روز میچ جیتنے پر مبارک باد بھی دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پی ایس ایل کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دی تھی۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تھے، جبکہ 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز تک محدود رہی۔
Comments are closed.