بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پشاور: پولیس وین اور چوکی پر دستی بم حملے، 3 پولیس اہلکار زخمی

پشاور میں پولیس وین اور پولیس چوکی پر دستی بم حملوں میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پولیس پر دستی بم حملے کی مذمت کی اور واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کی موبائل وین پر دستی بم سے حملہ کیا۔ حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید اسپتال پہنچے اور زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے پولیس موبائل پر حملہ کی مذمت کی اور واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

دستی بم سے حملے کا دوسرا واقعہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں ہوا جہاں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے پرانی پولیس چوکی پر دستی بم پھینکا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سی سی پی او پشاور عباس احسن کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔

بڈھ بیر اور متصل باؤنڈری ایریا میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.