پشاور میں ماہ صیام کے دوران مہنگائی کا جن بوتل میں بند نہیں کیا جاسکا۔ دکاندار سرکاری نرخ نامے کے برعکس اشیائے خور و نوش من مانی قیمتوں پر فروخت کررہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مہنگائی کم کرنے کےلیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رمضان المبارک کے دوران پشاور میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ جاری ہے۔ گائے کے گوشت کا سرکاری نرخ 500 روپے مقرر ہے تاہم دکاندار 800 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں جبکہ مرغی فی کلو 500 روپے سے کم میں دستیاب نہیں۔ مہنگائی کے باعث متوسط اور دیہاڑی دار طبقے کی قوت خرید جواب دے رہی ہے۔
سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی 50 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ دکاندار سرکاری نرخ نامے پر بھی عملدرآمد نہیں کررہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق رمضان کے دوران سرکاری نرخ پر اشیاء خور و نوش فروخت نہ کرنے والے ایک ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا ہے جبکہ 8 لاکھ روپے کے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔
Comments are closed.