وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پشاور مسجد حملے کو پاکستان اور اسلام پر حملہ سمجھتے ہیں۔
لاہور میں علامہ محمد حسین اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں طاہر اشرفی نے کہا کہ پشاور میں مسجد میں نماز پڑھنے کےلیے آنے والے نمازیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور مسجد حملے کو پاکستان اور اسلام پر حملہ سمجھتے ہیں، اس حملے کو کسی ایک مکتبہ فکر پر نہیں خود پر حملہ سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی نے مزید کہا کہ پشاور کے زخمی اور شہیدوں کے لواحقین کو پیغام دیتے ہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے، دہشت گردی کو پاکستان میں پھیلنے نہیں دیا جائے گا۔
طاہر محمود اشرفی نے یہ بھی کہا کہ پشاور سانحہ پر کل متحدہ علما بورڈ میں تعزیتی اجلاس کریں گے، ہم پیغام دینا چاہتے ہیں پشاور میں جو خون بہا ہے یہ ہم سب کا خون ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ کا ٹرائل چل رہا ہے، تلمبہ واقعہ کا بھی چالان تیار ہورہا ہے، دشمن کسی بھی روپ میں آجائے ہم باہمی اتحاد سے اسے شکست دیں گے۔
علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ جامع مسجد پشاور میں ہمارے 3 علما بھی شہید ہوئے ہیں، اس وقت ہمیں یکجہتی اور وحدت کی ضرورت ہے، ہماری قیادت کی طرف سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
Comments are closed.