آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ پروین رحمٰن قتل کیس میں پولیس سے کوتاہی ہوئی ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پروین رحمٰن قتل کیس میں پولیس سے کوتاہی ہوئی، ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ تفتیشی نظام میں نقائص ہیں جنہیں دور کرنےکی کوشش کر رہے ہیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ ہر محکمے میں مستقل بنیادوں پر تعیناتیاں کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کا واقعہ بھی بنیادی پولیس ٹریننگ والا مسئلہ ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ملزمان کی ای ٹیگنگ پر ہماری طرف سے کام مکمل ہے، اب یہ معاملہ کابینہ کی سب کمیٹی کے پاس ہے۔
اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ای ٹیگنگ سے ملزمان پر نظر رکھنا بہت آسان ہوجائے گا، اگر ملزمان کے بنیادی حقوق ہیں تو کیا متاثرین کے نہیں ہیں؟
آئی جی سندھ نے مزید بتایا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے لیے اتھارٹی قائم کی گئی ہے، پہلے مرحلے میں سیف سٹی پروجیکٹ کے پروٹو ٹائپ پر کام کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے کے تمام ٹول پلازہ پر ہائی ریزولیشن کیمروں کی دستیابی کے لیے کام ہو رہا ہے، ان کیمروں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی ضروری ہے جس کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.