وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے رات گئے اپنی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عون چوہدری سے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
عون چوہدری نے وزیرِ دفاع پرویز خٹک کی جانب سے کیے گئے رابطے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رات گئے پرویز خٹک سے رابطہ ہوا ہے، جس کے دوران وزیرِ دفاع نے ترین گروپ کو فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کر دی۔
’’اہم فیصلے روک لیں‘‘
عون چوہدری نے بتایا کہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اہم فیصلے روک لیں، جلد اہم پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
گزشتہ روز سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے اپنی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین سے ٹیلی فون پر رابطے کی کوشش کی تھی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جہانگیر ترین سے رابطے کی کوشش ناکام رہی اور ان کے درمیان بات نہیں ہو سکی تھی۔
اس سے قبل جہانگیر ترین گروپ سے مسلم لیگ ن کے رہنما، پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز بھی ملاقات کر چکے ہیں۔
اس سے پہلے جہانگیر ترین گروپ نے حکومتی شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، البتہ ترین گروپ کی حکومت مخالف شخصیات سے ملاقاتیں جاری تھیں۔
جہانگیر ترین گروپ رہنما عون چوہدری کے وفاقی وزراء پرویز خٹک اور فواد چوہدری سے رابطے کے بعد اب ان کے اس فیصلے میں تبدیلی نظر آ رہی ہے۔
Comments are closed.