ہفتہ 8 ؍شوال المکرم 1444ھ29؍اپریل 2023ء

پرویز الہیٰ کے گھر پولیس، اینٹی کرپشن آپریشن ختم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کے گھر اینٹی کرپشن اور پولیس کا آپریشن ختم ہوگیا، ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ واپس روانہ ہوگئے۔

جیو نیوز کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کی رہایش گاہ سے اینٹی کرپشن اور پولیس کی نفری بھی واپس چلی گئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ رات پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر پرویز الہیٰ کے گھر میں داخل ہوئے اور بکتر بند گاڑی سے گھر کا دروازہ توڑا گیا۔

پولیس نے گھر کا اندرونی دروازہ کھولنے کے لیے شیشے بھی توڑدیے، پولیس کارروائی کے دوران چوہدری شجاعت کے صاحبزادے چوہدری سالک اور شافع حسین بھی پولیس اہلکاروں کو اندرونی حصے میں جانے سے روکتے رہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کے گھر سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا اور پانی بھی پھینکا گیا، پولیس نے پی ٹی آئی کے مرکزی صدر کے گھر سے 7 ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے ہمراہ لیڈیز پولیس بھی موجود ہے۔

پولیس نے پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کے باہر ظہور الہٰی روڈ کو بند کر دیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن ٹیم کی پولیس کے ہمراہ چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پہنچی۔

پرویز الہٰی کے وکیل نادر دوگل کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں پرویز الہٰی کے گھر آئی ہے، پرویز الہٰی اس کیس میں 6 مئی تک ضمانت پر ہیں۔

وکیل نادر دوگل نے کہا کہ اینٹی کرپشن حکام ضمانت سے متعلق پراسیکیوشن سے بھی کنفرم کر سکتے ہیں۔

پولیس آپریشن کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پرویز الہی کے گھر کے باہر جمع ہوکر نعرے بازی بھی کی، جس پر پولیس نے ایک کارکن کو حراست میں لے لیا۔

ایس پی عمارہ شیرازی نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کافی دیر تلاشی لی لیکن انھیں کچھ نہیں ملا۔

کاروائی کے دوران پولیس نے ظہور الہیٰ روڈ کو بند کیے رکھا، کئی گھنٹے کے آپریشن کے بعد اینٹی کرپشن حکام واپس روانہ ہوگئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.