بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پرویز الہٰی کی درخواست، ججز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے

چوہدری پرویز الہٰی کی وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر، جسٹس منیب اختر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے۔

تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے، انہوں نے بتایا کہ پرویز الہٰی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ہوچکی ہے۔

بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ میری اطلاعات کے مطابق جج صاحبان درخواست کی سماعت کے لیے آ رہے ہیں۔

اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر سے سوال کیا گیا کہ کیا باضابطہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے کہ درخواست پر سماعت ہوگی؟ جواب میں انہوں نے بتایا کہ میرے کولیگز کے مطابق ساڑھے9 یا پونے10بجےسماعت شروع ہوگی۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی لاہور ہی میں موجود ہیں۔

اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت کے لیے پی ٹی آئی کے مختلف رہنما بھی سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

تحریک انصاف کےرہنما اسد عمر اور عمر ایوب سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے ہیں۔

گزشتہ روز پرویز الہٰی کی دائر درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔

پرویز الہٰی نے درخواست کی آج سماعت کی استدعا کی ہے۔

دوسری جانب نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آج عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے ۔

گورنر ہاؤس لاہور میں حمزہ شہباز سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حمزہ شہباز 3 ووٹوں کے فرق سے پنجاب کے وزیراعلیٰ برقرار رہے تھے۔

ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے نتیجے کا اعلان کرنے سے پہلے چوہدری شجاعت کا خط ایوان میں پڑھ کر سنایا، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ (ق) کے کاسٹ کیے گئے تمام 10 ووٹ منسوخ کردیے تھے۔

یوں 10 ووٹ منسوخ ہونے کے بعد پرویز الہٰی کے ووٹوں کی تعداد 176 ہوگئی تھی جبکہ حمزہ شہباز کے ووٹوں کی تعداد 179 رہی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.