
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی آج پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لیں گے، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے 187 اراکین مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الحمداللّٰہ 187 کا نمبر مکمل ہوگیا، ہمارا ایک رکن اسمبلی حافظ عمار چکوال سے نکل چکے ہیں، رکن اسمبلی حافظ عمار کا انتظار کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بہاولپور سے ایک اور رکن اسمبلی نکلے ہوئے ہیں ان کا بھی انتظار کر رہے ہیں، دونوں ارکان اسمبلی کے پہنچنے سے تعداد 187 ہوجائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 187 ارکان اسمبلی کی تعداد 45 منٹ میں پوری ہوجائے گی، دونوں ارکان جیسے ہی پہنچ جائیں گے تو پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دے دیں گے، اعتماد کا ووٹ خفیہ نہیں اوپن ہوتا ہے، عدالت کا حکم ہے کسی بھی وقت اعتماد کا ووٹ لیا جا سکتا ہے، اس وقت ہمارے نمبرز پورے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سندھ ہاؤس سے جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ بڑھتا جا رہا ہے، پرویز الہٰی کی آج عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، پرویز الہٰی بھی کچھ دیر میں پنجاب اسمبلی میں پہنچ رہے ہیں۔
Comments are closed.