وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ یونان میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، پرامید ہوں کہ انسانی اسمگلرز کو سزا مل جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں وفاقی وزیر خرم دستگیر کے ہمراہ شازیہ مری نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اتنی بڑی رقم غلط لوگوں کو دے کر ناجائز طریقے سے باہر ملک جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یونان میں ہمارے نوجوان برے حالات میں بےروزگار گھوم رہے تھے، غیرقانونی طور پر بیرونی ملک بھجوانے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روز گاری بڑھ چکی ہے، حکومتی سطح پر الگ الگ طرح کے تجربے ہوئے ہیں۔
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ایک مستحکم ماحول کی ضرورت ہے، جہاں روزگار کے مواقع مل سکیں، امید ہے کہ انسانی اسمگلرز کو سزا مل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ میں بیٹھی جماعتیں نظریاتی طور پر الگ الگ ہیں، پچھلی حکومت نے گند ڈالا، سیاست اور معیشت کو نقصان پہنچایا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ جو 70 سالوں میں نہیں ہوا، 4 سال میں پچھلی حکومت کرگئی، پچھلی حکومت کے 4 بجٹ میں سندھ کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پارٹی ورکر کچھ بھی سوچ سکتا ہے، کئی معاملات میں اختلاف رائے ہوتا ہے، ملک کا وزیراعظم ہوتے ہوئے اس شخص نےکہا تھا کہ سندھ تو ہمارا ہے ہی نہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ پنجاب میں کیا ہورہا ہے وہ ایک مختلف صورتحال ہے جبکہ کراچی کے زمینی حقائق بالکل مختلف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کریں، میچورٹی کے ساتھ کریں، گریبان پکڑنے والی سیاست نہیں چاہیے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کو ملک کے ساتھ دشمنی کی گئی، ان واقعات میں ملوث افراد کو آئین کے تحت سزا ملنی چاہیے۔
شازیہ مری نے کہا کہ علی وزیر کی گرفتاری کے معاملے پر امید ہے اسپیکر نوٹس لیں گے، رکن قومی اسمبلی زیر حراست ہیں، لیکن کیوں ہیں، یہ جاننا ضروری ہے۔
Comments are closed.