جمعہ 4؍ذوالحجہ 1444ھ23؍جون 2023ء

پاک چین وزرائے اعظم کی پیرس میں ملاقات، سی پیک کی تکمیل کا 10 سالہ جشن منانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے درمیان پیرس میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سی پیک اور دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں سمیت معاشی تعاون پر بات چیت کی۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کی جغرافیائی سالمیت و معاشی ترقی کے لیے چین کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے متنازع خطے میں جی 20 اجلاس بلانے کی چین نے مخالفت کی۔  

چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی منفرد ہے جو وقت اور حالات کی تبدیلی سے بے نیاز ہے۔ پاکستان، چین کی ہمسایوں سے متعلق سفارت کاری میں خصوصی درجہ رکھتا ہے۔ 

چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین، پاکستان کے کلیدی مفادات کے تحفظ اور معاشی ترقی کی کوششیں جاری رکھے گا۔ 

 ملاقات کے دوران اس پر اتفاق کیا گیا کہ سی پیک پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ جبکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ 

دونوں قائدین نے سی پیک کی کامیابی کے 10 سال مکمل ہونے کی خوشی بھرپور طور پر منانے پر اتفاق کیا۔ چینی وزیراعظم نے دورہ پاکستان کی وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت قبول کرلی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.