نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی پہلی کووڈ ٹیسٹنگ 5 ستمبر کو کی جائے گی جبکہ ٹیم کا اعلان 6 ستمبر کو کیے جانے کا امکان ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جس کے لئے پی سی بی نے تیاریاں شروع کر دی ہیں، این سی او سی کی جانب سے اسٹیڈیمز میں 25 فیصد شائقین کرکٹ کو داخلے کی اجازت بھی مل گئی ہے جبکہ پاکستان ٹیم کے حتمی اسکواڈ کے انتخاب کے لیے مشاورت کا عمل تیز ہوگیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں میٹنگ ہوئی، سلیکشن کمیٹی نے کپتان بابر اعظم سے بھی مشاورت کی جبکہ جمیکا میں موجود ہیڈ کوچ مصباح الحق سے بھی سلیکشن کے حوالے سے رابطہ کیا گیا جبکہ ٹیم کے انتخاب میں متوقع بورڈ چیئرمین رمیز راجہ کی گائیڈ لائنز کو سامنے رکھا جا رہا ہے۔
پی سی بی حکام کی رمیز راجہ سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور تمام متعلقہ افراد سابق کپتان رمیز راجہ سے مکمل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی 11 ستمبر کو راولپنڈی میں آمد شیڈول ہے ، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 17 ستمبر سے ہوگا۔
Comments are closed.