خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر کی وادی کمراٹ میں پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کے دوران سیاحوں کو بھی متاثرہ علاقوں سے نکال لیا گیا، پاک فوج کی ریسکیو ٹیم نے ہسپانوی سیاح جوڑے کو بھی ریسکیو کرلیا۔
اس حوالے سے ہسپانوی سیاح کا کہنا ہے کہ ہم کافی مشکل میں تھے، بارش بہت زیادہ تھی اور دریا میں طغیانی تھی، ہم پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔
خاتون سیاح کا کہنا تھا کہ چھوٹے بچوں کے ساتھ ہم پھنس گئے تھے پاک فوج نے ریسکیو کیا، پاک فوج کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہوں۔
کالام، کمراٹ، خوازہ خیلہ اور سوات کے دیگر علاقوں میں آرمی کا ہیلی کاپٹرز ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، مختلف علاقوں سے سیاحت کے لیے سوات آنے والے شہری سوات میں پھنس گئے تھے، پھنسے ہوئے سیاحوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
پاک فوج نے صرف سوات میں ہی 47 ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں، ریسکیو کیے جانے والے افراد میں غیر ملکی، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، ہیلی کاپٹرز کی مدد سے سیکڑوں افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
ریسکیو کیے جانے والے افراد نے بروقت کارروائی پر پاک فوج سے اظہار تشکر کیا۔
آرمی ایوی ایشن پائلٹس کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے باوجود ہم آرام سے نہیں بیٹھ سکتے تھے، ماؤں، بہنوں، بھائیوں اور بچوں کے چہرے ہمارے سامنے تھے، محصور افراد ہماری مدد کا انتظار کر رہے تھے، ہر قیمت پر محصور افراد تک پہنچا جائے گا۔
Comments are closed.