پاک فوج نے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔
آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کا معیار برقرار رکھنے پر زور دیا، آرمی چیف نے ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ فورم کو بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف دفاع کےلیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ فورم نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے بھی پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی، فورم نے اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کا جامع جائزہ لیا۔
فورم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا، جبکہ فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
شرکاء نے دہشت گرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں پر اظہار تشویش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پڑوسی ملک سے دہشتگردوں کی کارروائیاں پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دی گئی ہیں، پڑوسی ملک سے دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی بھی پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دی گئی ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشتگردوں، سہولت کاروں سے ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
ریاست دہشتگردوں اور سہولتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف طاقت کے ساتھ نمٹے گی، ریاست دہشتگردوں اور سہولتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، فورم کی جانب سے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی گئی، فورم نے غزہ میں فوری جنگ بندی، تنازع کے پر امن حل کے مطالبہ کے حکومتی مؤقف کا اعادہ کیا۔
فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مسلسل جبر پر شدید اظہار تشویش کیا۔ شرکاء کی جانب سے بھارتی فوج کی شہریوں کےاغواء، تشدد اور قتل کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔
شرکاء نے کہا کہ بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں، بھارتی فوج کی کارروائیاں کشمیریوں کے جائز حق خود ارادیت کے جذبے کو پست نہیں کر سکتیں، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان عالمی قوانین کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کےلیے حمایت جاری رکھے گا۔
Comments are closed.