جمعہ 21؍صفر المظفر 1445ھ8؍ستمبر 2023ء

پاک فضائیہ کی جانب سے 7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا گیا

پاک فضائیہ کی جانب سے ملک بھر کی ایئر بیسز پر 7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا کیلئے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے ہوا۔

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ کی تاریخ قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی لازوال داستانوں سے عبارت ہے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا کہنا تھا کہ یوم شہدا افواج پاکستان کی غیر معمولی بہادری اور بہترین پیشہ ورانہ مہارت کا عکاس ہے۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے شہدا کی بہادری اور شاندار کارناموں کو بھی سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہیروز نے آنے والی نسلوں کیلئے قربانی کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کشمیریوں سے حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کیلئے اظہار یکجہتی کیا۔

ایئر چیف نے ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.