ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن پرتگال نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘ کے حوالے سے پرتگال کے شہر لزبن میں ایک تاریخ ساز پروگرام منعقد کیا۔
اس پروگرام میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی، ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن پرتگال کے صدر قاسم شاہ نے پروگرام کی صدارت کی جبکہ چوہدری غضنفر اور رانا ذیشان اور ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے 9مئی کے فسادات کی بھر پور مذمت کی اور ریاست و پاک فوج کے ساتھ اپنی بھر پور حمایت کا اعادہ کیا۔
اُنہوں نے 9 مئی کے مجرموں اور سہولت کاروں کو جلد از جلد سزا دینے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کوئی بھی نظریاتی حدوں کو چھونے کی جرأت نہ کر سکے۔
پروگرام کے اختتام پر اوور سیز پاکستانیوں کی تاریخ میں پہلی بار اپنی نوعیت کی ایک منفرد ریلی بھی نکالی گئی جس میں شاہی رکشوں پر سوار زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ذات، برادری اور جنس سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔
ریلی میں موجود مظاہرین نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹینینٹ جنرل ندیم انجم اور میجر جنرل فیصل نصیر کی قد آور تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔
یہ ریلی لزبن شہر کے ہر مشہور چوک اور چوراہوں سے گزرتی تو وہ علاقہ پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھتا۔
ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں اوورسیز میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنے اور ملک وقوم کی تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ اقوام عالم میں پاکستان کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔
Comments are closed.