جاپان کی معروف کاروباری تنظیم پاک جاپان بزنس کونسل نے بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کے سامنے کلمہ حق کہنے والی بہادر بیٹی مسکان کے لیے جاپان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپ کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے مسکان کے والدین کے نام خط تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنی اس ہندوستانی مسلمان بہن اور بیٹی کے جذبہ ایمانی سے بہت متاثر ہوئے ہیں جس نے بھارتی انتہا پسندوں کے سامنے کلمہ حق کہا اور اللّٰہ اکبر کا نعرہ بلند کر کے پوری دنیا کے مسلمانوں اور عالمی برادری کو بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی طرف توجہ مبذول کروائی ہے۔
انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ وہ اور پوری دنیا کے انصاف پسند اپنی اس بہن اور بیٹی کے ساتھ کھڑے ہیں لہٰذا وہ مسکان کو جاپان سمیت پوری دنیا میں کہیں بھی اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپ کا اعلان کرتے ہیں۔
رانا عابد حسین نے کہا کہ دین اسلام اور مسلمان کا مسلمان سے ایسا رشتہ ہے کہ اگر جسم کے کسی بھی حصے میں تکلیف ہوتی ہے تو پورا جسم تکلیف محسوس کرتا ہے اسی طرح بھارت میں ایک نہتی معصوم بیٹی کی تکلیف دیکھ کر پوری دنیا کے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارتی حکومت اس زیادتی کا ازالہ کرے گی جبکہ ساتھ میں اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے فراہم کی جانیوالی اسکالر شپ کی آفر کو مسکان اور اس کے اہل خانہ قبول کرکے انہیں عزت اور اعزاز فراہم کریں گے، کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ مسکان اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے بھارت میں نہتی اور بےبس مسلمان خواتین کے لیے آواز بلند کریں اور انہیں معاشرے میں عزت و وقار دلانے میں کردار ادا کریں۔
Comments are closed.