جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

پاک بھارت تجارتی تعلقات کی بحالی کے امکانات پیدا ہوگئے

پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے چینی، کپاس اور یارن درآمد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جبکہ اس حوالے سے وزارت تجارت سمریز کی منظوری کے لیے انھیں کل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں پیش کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ تجارت نے وزیراعظم عمران خان کی اجازت کے بعد سمریز ای سی سی کو بھجوائیں۔ 

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بھارت سے چینی ٹی سی پی اور کمرشل درآمد کنندگان کے ذریعے درآمد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت کے برآمدکنندگان ٹی سی پی کے ٹینڈرز میں حصہ نہیں لے سکتے، بھارت کے برآمد کنندگان کی طرف سے ٹی سی پی کے ٹینڈرز میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارت سے 30 جون 2021 تک کپاس اور یارن درآمد کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ 

اسی طرح بھارت سے زمینی راستے کے ذریعے بھی کپاس اور یارن درآمد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کو کمی پورا کرنے کے لیے کپاس درآمد کرنا پڑتی ہے، جبکہ بھارت سے کپاس اور یارن کی درآمد سستی پڑے گی۔

ذرائع نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں تاریخی کمی کے باعث یارن پر بھی دباؤ پڑا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو معطل کردیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.