اتوار17؍ربیع الثانی 1444ھ 13؍نومبر 2022ء

پاک انگلینڈ ورلڈ کپ فائنل آج، ٹیمیں تیار

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 کرکٹ کے تخت پر راج کرنے کے حوالے سے فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔

میلبرن میں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل یہاں مقیم اور دنیا بھر سے فائنل دیکھنے کے لیے آنے والے پاکستانی فینز نے آسٹریلوی شہر کو پاکستان کے رنگوں سے بھر دیا ہے۔

سیمی فائنل میں اپنی حریف ٹیموں کو شاندار انداز میں شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان گھمسان کا رن پڑنے کا امکان ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے شاہین بے قرار ہیں انگلش شیروں پر جھپٹنے کے لیے۔ ہائی وولٹیج میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے تیاری کرلی ہے۔

انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا ہے کہ فائنل میں پاکستان جیسے سخت حریف کے خلاف کل نیا آغاز کریں گے۔

ایک طرف جوز بٹلر الیون کے پاس بیٹنگ کے ہتھیار ہیں، جس کی بدولت انہوں نے گزشتہ میچ میں بھارت کو باآسانی زیر کیا تھا۔

دوسری طرف پاکستانی بولنگ لائن اپنی گیندوں کے وار سے انگلش کرکٹ کو پویلین کا راستہ دکھانے کے لیے بے قرار ہیں۔

کپتان بابر 100 فیصد پرفارمنس دینے کو تیار ہیں، چھکا میلبرن کے میدان میں لگے گا اور شور پاکستان کی سڑکوں پر مچے گا، وکٹیں انگلش بلے بازوں کی گریں گی اور بھنگڑے سے آسٹریلیا کی سرزمین لرزے گی۔

گھڑی کی ٹک ٹک کے ساتھ دھڑکنوں کی دھک دھک چلے گی، سیٹ بیلٹس باندھ کر رکھنا، فائنل کی رولر کوسٹر، جیت کی امید ساتھ لے کر بھاگے گی اور سب کچھ اڑا لے جائے گی۔

فائنل سے ایک روز پہلے بارش بھی کھیلنے آگئی، دوسری طرف میلبرن کی سڑکوں پر میچ سے قبل جشن کا سماں ہے۔

اتوار کے دن کا انتظار نہیں ہورہا، کھیل کے دیوانوں نے ہفتے کو ہی اسٹیڈیم میں ڈیرے ڈال لیے، پاکستانیوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا ’جیتے گا بھئی جیتے گا، پاکستان جیتے گا‘ کے نعروں سے سڑکیں گونج اٹھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.