بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پاک امارات عسکری قیادت کا اسٹریٹیجک تعاون کے فروغ کا اعادہ

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے یو اے ای کی افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کی، جہاں دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے اسٹریٹیجک تعاون کے فروغ کا اعادہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے دورہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دوران اماراتی چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل حمد محمد ثانی سے ملاقات کی۔

علاوہ ازیں جنرل ندیم رضا نے یو اے ای کی تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ سیکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ان ملاقاتوں میں کشمیر اور افغانستان سمیت علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں دو طرفہ فوجی تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا کی یو اے ای کی عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں اسٹریٹیجک تعاون کے فروغ کا اعادہ کیا ہے۔

جنرل ندیم رضا نے بین الاقوامی دفاعی نمائش و کانفرنس اور ابوظبی میں بحری دفاعی اور میری ٹائم سیکیورٹی نمائش کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے نمائش میں پاکستانی اسٹالز اور پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ بھی کیا۔

جنرل ندیم رضا نے مقامی سطح پر عالمی معیار کے ہتھیار بنانے پر پاکستانی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے دفاعی نمائش کے دوران اٹلی کے چیف آف ڈیفنس سے بھی ملاقات کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.