جمعرات14؍ربیع الثانی 1444ھ10؍نومبر 2022ء

پاکستان کے فائنل میں پہنچنے پرہماری ٹیم پر دباؤبڑھ گیا، بھارتی میڈیا

پاکستان کا اگر مگر سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل تک کے سفر کے بعد بھارتی ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا۔

بھارتی میڈیا نے بھی اعتراف کر لیا ہے کہ پاکستان کی نیوزی لینڈ سے جیت پر بھارت میں پریشانی ہے۔

سرحد پار موجود کرکٹ مداح بھی پاکستان کی پل پل بدلتی کرکٹ سے خوفزدہ ہیں۔

بھارتی مداحوں نے کہا کہ فائنل میں پہنچ کر پاکستان سے ہارنے سے بہتر ہے کہ ابھی سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ہی ہار جائیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب اختر نے بھارتی ٹیم کو پیغام دیا ہے کہ ہم فائنل میں پہنچ گئے ہیں آپ کا میلبرن میں انتظار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی شائقین پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کو بے قرار ہیں اور کہتے ہیں کہ اب پاکستان ٹیم بھارت کو بھی ہرائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں ایڈیلیڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے مدمقابل ہوں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.