وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم ہر وقت انتخابات کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کی دیوالیہ معیشت کو دوبارہ بحالی کے راستے پر ڈالا ہے۔
نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت ہمارے تمام دوست ملکوں سے تعلقات کو سرد مہری میں ڈال چکی تھی۔ پاکستان کے چین، یورپ اور امریکا سے تعلقات سرد مہری کا شکار تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس وقت چین، روس اور خلیجی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔ جب بھی الیکشن ہو گا پاکستان کے عوام ن لیگ کو ووٹ دیں گے۔
دریں اثنا شکر گڑھ کے عیسیٰ چوک میں ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اپنی کرتوتوں کی وجہ سے آج جیل میں ہیں۔ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے والا خود سچے مقدمے میں جیل گیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل جانے سے ہمیں خوشی نہیں۔ دراصل اللّٰہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔ انھوں نے بھائی کی دی ہوئی گھڑی بازار میں بیچ دی تھی، اناڑی کو چابی دوگے تو وہ بس کے نیچے آئے گا یا کھائی میں گرے گا۔ اناڑی کو چابی دینے سے منزل نہیں مل سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 14 ماہ میں ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے بعد اب دور تک ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں۔
Comments are closed.