آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں کامیابی کی کنجی ریورس سوئنگ ہے۔
لاہور ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مچل اسٹارک کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے (کراچی ٹیسٹ میں) ہم نے سوچا کہ وکٹ پر جتنے کریکس ہوتے ہیں اس سے کچھ مختلف ہوں گے، تاہم توقعات کے برعکس ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اُس میچ میں پاکستانی بیٹرز کو اچھی بیٹنگ کا سہرا جاتا ہے، لیکن ہم اب (لاہور ٹیسٹ میں) کے موقع پر اچھی پوزیشن میں ہیں۔
اسٹارک کا کہنا تھا کہ میچ کو نتیجے کی جانب لے جانا موجودہ آسٹریلوی ٹیم کے لیے غیرملکی کنڈیشنز میں یہ بہت بڑا مثبت اشارہ ہے۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر نے اپنے ساتھی بولرز کو خبردار کیا کہ وہ قذافی اسٹیڈیم کی پچ کے بجائے ریورس سوئنگ پر انحصار کریں۔
انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ یہ وکٹ فاسٹ بولرز کو مدد کرتی ہے، ابتدا میں وکٹ سلو اور پھر ڈیڈ رہی، گزرتے دنوں کے ساتھ اس میں اچھال مزید نیچے جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اہم چیز ریورس سوئنگ ہے اور دونوں ٹیموں نے اس کا اچھا استعمال بھی کیا۔
اسٹارک نے کہا کہ ہمیں پرسکون رہنا ہوگا، یہ مشکل کام ہے کیونکہ میچ چلتے چیزیں اچانک ہونے والی ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 506 رنز کا ہدف دیا تھا۔
قومی بیٹرز عبداللہ شفیق، بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرکے اس میچ کو بچالیا تھا۔
لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 391 رنز بنائے جبکہ جواب میں قومی ٹیم 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے ساتھ ہی مہمان ٹیم کو 134 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس اننگز میں 5 آؤٹ کیے لیکن ساتھ میں مچل اسٹارک بھی 4 وکٹیں لے اڑے۔
Comments are closed.