متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ اسے بنانے والوں کے حوالے کیا جائے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے بلکہ جنگ ہم پر مسلط کی جا رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بہادرآباد کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نامساعد حالات اور سلب شدہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کےلیے تیار رہنا چاہیے۔
انکا کہنا تھا کہ 15سال سے سندھ کے حکمرانوں کو لُوٹ مار کا ٹاسک ملا ہوا تھا، گزشتہ ایک سال سے ہم نے ان کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی ہی نہیں پورا سندھ اور یہ پورا پاکستان ہمارے باپ دادا کا ہے۔ لوگوں کے ووٹوں کا اندراج ان کے انتخابی حلقوں میں کروانے کا کام تیز کریں۔
انہوں نے کہا کہ جس صوبے میں ہم رہتے ہیں اسکا حکمران ہماری کامیابیوں سے پریشان ہے۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار ماہ سے ہونے والی مردم شماری ہماری جدوجہد کی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13 ہزار ارب خرچ ہوگئے لیکن تباہی و بربادی آج بھی کراچی، کشمور اور لاڑکانہ کا مقدر ہے۔
Comments are closed.