بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے 130 رنز کا ہدف

ایشیا کپ 2022 میں سپر فور کے دوسرے میچ میں پاکستان کی افغانستان کے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ جاری ہے۔  

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں اور میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا۔ 

پاکستان کو اس میچ میں فتح اور ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا ہے۔ 

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

پاکستانی بولرز ابتدا میں تو بجھے بجھے نظر آئے تاہم پھر افغان بیٹرز کو پاکستانی بولرز نے کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ جس کے ساتھ افغان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بناسکی۔

حضرت اللّٰہ زازئی اور رحمان اللّٰہ گرباز نے ٹیم کو 36 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم بعد میں پاکستانی بولرز افغان بلے بازوں پر چھاگئے۔ 

افغان بلے باز جہاں رنز بناتے رہے وہیں وقفے وقفے کے ساتھ وکٹیں بھی گنواتے رہے۔ 

 ابراہیم زادران 37 گیندوں پر 35 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حضرت اللّٰہ زازئی نے 21، رحمان اللّٰہ گرباز نے 17، کریم جنت نے 15 اور نجیب اللّٰہ زادران نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

آخری لمحات میں راشد خان کے ناقابلِ شکست 18 اور عظمت اللّٰہ اورکزئی کے 10 رنز کی بدولت افغان ٹیم 129 کے ہندسے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ 

اس میچ میں پاکستان کے تمام بولرز ہی وکٹ کا مزہ چھکنے میں کامیاب ہوئے، تاہم حارث رؤف 2 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ شاداب خان، نسیم شاہ، محمد حسنین اور محمد نواز نے ایک ایک افغان کھلاڑی کو آٹ کیا۔  

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 

پاکستان کی جیت کی صورت میں افغانستان سمیت بھارت بھی ایشیا کپ میں فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں لگتا ہے کہ بعد میں کچھ اوس پڑے گی اس صورت میں ہدف کا تعاقب بہتر ہوگا۔ 

انہوں نے بتایا کہ ڈریسنگ روم میں ماحول بہت اچھا ہے اور ٹیم جیت کے توازن کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 

افغانستان کے کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، تاہم امید ہے کہ ہم اگلی اننگز میں اچھی گیند بازی کرکے حریف کو ٹف ٹائم دیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم ان غلطیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے پُرامید ہیں جو گزشتہ میچز میں کر چکے ہیں۔

پلیئنگ الیون:

پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، شاداب خان، آصف علی، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔ 

افغانستان کی ٹیم کپتان محمد نبی کی قیادت میں حضرت اللّٰہ زازئی، رحمان اللّٰہ گرباز، ابراہیم زادران، نجیب اللّٰہ زادران، کریم جنت، راشد خان، عظمت اللّٰہ اورکزئی، نوین الحق، مجیب الرحمان اور فضل حق فاروقی پر مشتمل ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.