قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو کبھی کم نہ سمجھا جائے، گرین کیپس کسی کو بھی حیران کر سکتی ہیں۔
شعیب اختر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے مقابلے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے پہلے اپنا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’پاکستان ٹیم کو کبھی کم نہ سمجھا جائے، گرین کیپس کسی کو بھی حیران کر سکتی ہیں۔‘
شعیب اختر نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے لیے آپ کو اے گیم لانی پڑے گی اور ان کو ہرانے کے لیے آپ کو بیسٹ گیم کھیلنی پڑتی ہے کیونکہ پاکستان کا کوئی پتہ نہیں چلتا کہ وہ کس وقت اپ سیٹ کردے۔‘
انہوں نے ٹیم میں شرجیل کو شامل کرنے کے بارے میں کہا کہ ’ان کے خیال میں شرجیل ٹیم میں آجاتے تو اور بھی بہترین ہوتا۔‘
شعیب اختر نے مزید کہا کہ ’انہوں نے کہا تھا کہ ٹیم میں چار تبدیلیاں لائی جائیں گی اور ٹیم میں تبدیلی ہوئیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ تبدیلیاں ہونے کے بعد پاکستان مقابلے کے لیے ایک بہترین ٹیم بن گئی ہے۔‘
شعیب اختر نے ویڈیو پیغام میں بھارت میں موجود کرکٹ کے مداحوں سے محبت کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے ہنستے ہوئے پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ نے انشاءاللّٰہ پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑنا۔‘
شعیب اختر نے پاکستانی ٹیم کو اپنے پیغام میں کہا کہ ’پاکستان جیتے یا ہارے ہم پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔‘
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سب سے بڑا میچ آج کھیلا جائے گا، پاک بھارت ٹاکرے میں وزیراعظم عمران خان بھی پاکستان کی جیت کے لیے پُرامید ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.