پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کرلیا۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹی وی پروگرام میں کرکٹ بورڈ قوانین کے منافی گفتگو کی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی انضمام الحق سے متعلق تحقیقات جاری رکھے گا۔
سابق چیف سلیکٹر نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ وہ پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہیں کرنا چاہتے ہیں، بورڈ اُن کے رویے سے شدید ناخوش ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران انضمام الحق نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ کے دوران الزامات تو لگا دیے گئے لیکن بورڈ اب انکوائری کے لیے نہیں بلا رہا نہ رابطہ کررہا ہے اور نہ ای میلز کا جواب دے رہا ہے، نہ بورڈ یہ بتارہا ہے کہ کس چیز کی انکوائری ہورہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کی جانب سے میرا استعفیٰ منظور نہ ہونے کا بھی ٹی وی سے علم ہوا، ذکا اشرف اپنی ذمے داری دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انٹرویو کے جواب میں پی سی بی نے موقف اختیار کیا کہ انضمام الحق کی ای میل کل موصول ہوئی، یقینی طور پر جواب دیں گے۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق تحقیقات مفادات کے تصادم کی ہو رہی ہیں اور یہ انضمام الحق کو پتہ ہے، تمام تحقیقات مکمل ہونے پر انضمام کو بتایا جائے گا اور انہیں بلایا بھی جائے گا۔
Comments are closed.