معروف کاروباری شخصیت میاں منشا کا کہنا ہے کہ ہمیں لوگوں کو امید دینے کی ضرورت ہے، امید ملنے سے لوگ سرمایہ کاری بھی کریں گے۔ پاکستان کا مسئلہ کرپشن نہیں نا اہلی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے میاں منشا نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر لوگ کم سفر کر رہے ہیں، حکومت کچھ ایسے کام بھی کرے جس سے لوگوں کو کچھ اُمید ملے، دنیا کے سارے بڑے ایئرپورٹ نجی شعبے کے پاس ہیں۔
میاں محمد منشا نے کہا کہ میں سن رہا ہوں کہ مڈل ایسٹ کی کمپنی گیس کے لیے 3 بلین ڈالر دے گی، مشرق وسطیٰ کی کمپنی ایک بلین ڈالر کی گیس دے گی اور 2 بلین ڈالر قومی خزانے کو دے گی، کالا باغ ڈیم بننے کی بات ہو جائے تو کتنی بڑی خبر ہوگی، غازی بروتھا ڈیم کو کیوں نہیں نجی شعبے کے حوالے کیا جاتا؟
انہوں نے کہا کہ نیب کا مسئلہ بھی اب حل ہو چکا ہے، بہت سارے ممالک میں تجارتی خسارے ہوتے ہیں، ہم کیوں اس سے گھبراتے ہیں، نیب کا مسئلہ ختم ہونے سے ہراسگی کا معاملہ ختم ہوچکا، پاکستان کا مسئلہ کرپشن نہیں نا اہلی ہے۔
میاں منشا نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت کھولیں، ہمارے بزنس مین بھارتی بزنس مین کیساتھ کام کریں۔
Comments are closed.