زمبابوے کے اسٹار آل راؤنڈر سکندر رضا نے پاکستانی بولنگ اٹیک کو چیلنجنگ اور ایونٹ میں سب سے بہترین قرار دے دیا۔
جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی نژاد زمبابوین کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ کے لیے تیار ہیں، ماضی میں بھی پاکستان کے خلاف اچھے میچز ہوئے ہیں۔
انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم واش آؤٹ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آچکے ہیں، کوشش ہوگی کہ پاکستان کیخلاف میچ جیتیں اور آگے جائیں۔
سکندر رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اٹیک ٹورنامنٹ کا بہترین بولنگ اٹیک ہے، بھارت، انگلیند اور آسٹریلیا بھی اچھے ہیں مگر پاکستان کے سیمرز ٹاپ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے بولرز اور بیٹرز دونوں ہی زبردست ہیں، رضوان اور بابر اعظم کی جوڑی ٹاپ کی ہے، پاکستانی بیٹرز کوئی بھی ہدف حاصل کرسکتے ہیں اور بولرز اسکور کا دفاع کرسکتے۔
سکندر رضا کا کہنا تھا کہ زمبابوے کو کم میچز لائٹس میں ملتے ہیں اس لیے ایڈجسٹ ہونا چیلنج ہوتا ہے، جس طرح ہماری ٹیم نے یہاں کھیلا اور پرفارم کیا اس پر مجھے فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ کہنے کا عادی نہیں کہ یہ کردوں گا یا ویسا کردوں گا، میرے ہاتھ میں کوشش کرنا ہے، وہ میں ہمشہ کرتا ہوں۔
Comments are closed.