پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اصلی شیر کل زمان پارک سے نکلے گا، عمران خان کو وہ تاریخی استقبال دیں جو آج تک کسی کو نہیں ملا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ کل کی ریلی کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، کل ایک بجے زمان پارک سے نکلیں گے، 25 مقامات پر استقبالیہ کیمپ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کل ایک سیاسی تقریب اور شو کیلئے نکل رہے ہیں، ہماری جدوجہد جمہوریت، عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کیلئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر اس وقت 77 جعلی مقدمے کیے گئے ہیں، عدالتوں میں عمران خان کیلئے کوئی سیکیورٹی موجود نہیں۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بڑے چور 1100 ارب روپے این آر او میں کھا جاتے ہیں، لوگوں پر جیسے پرچے کیے جا رہے ہیں اس کو بنانا رپبلک بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کا نام سن کر رانا ثناء اللّٰہ اور فضل الرحمان کی ٹانگیں کانپ جاتی ہیں، الیکشن قانون کے مطابق 90 روز کے اندر اندر ہونا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دور دور تک آئی ایم ایف کا پروگرام نظر نہیں آ رہا، جون کے بعد یہ آئی ایم ایف کا پروگرام ختم ہو رہا ہے، ’ڈار نومکس‘ کی بجائے اکانومکسں کی بات کریں تو ملک ٹھیک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی رضا کارانہ طور پر موجود ہے، ہمیں خطرہ ان سے ہے جنہوں نے حفاظت کرنی ہے۔
حماد اظہر نے شکوہ کیا کہ مریم نواز یونین کونسل کا الیکشن نہیں لڑیں، انہیں 18 گاڑیاں دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ پر حملہ آور ہونے کیلئے ایک منظم مہم چلا رہی ہے، عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں عدلیہ سے بہت زیادہ امید ہے، جمہوریت اور آئین کا تحفظ عوام نے کرنا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ الیکشن کمشنر کی خواہشات جو بھی ہوں، الیکشن کا بگل بجے گا تو سب واضح ہو جائے گا۔
Comments are closed.