ہفتہ 5؍ذوالحجہ 1444ھ24؍جون 2023ء

پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب پروگرام دیکھنا چاہتے ہیں، امریکی سفیر

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) آزاد ادارہ ہے جو پالیسی فریم ورک میں کام کرتا ہے، پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب پروگرام دیکھنا چاہتے ہیں۔

 کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے خواہاں ہیں، کسی کو تنہا کرنے کی خواہش نہیں، چین سے تجارتی تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا، ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جو موسمیاتی تبدیلی سے متاثر نہ ہو، بہتر مستقبل پاکستان کے عوام کاحق ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاک امریکا تجارتی تعلقات میں وقت کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، کورونا میں 8 کروڑ ویکسین ڈوز پاکستان کو فراہم کیں، مستقبل میں پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

امریکی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا ہے جس کا حل چاہتے ہیں، پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے تو ترقی کے مواقع بڑھ جائیں گے، ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں سرمایہ کاری آئے، پاکستان سے سفارتی تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں، ماضی نہیں مستقبل پر بات کرنے کےخواہش مند ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.