ڈائریکٹر لاہور قلندرز اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم اب سارو گنگولی اور ایم ایس دھونی کے دور کی نہیں ہے، اس ٹیم میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، شاداب خان اور فخر زمان جیسے میچ ونرز ہیں۔ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم فیورٹ ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان کو اپنی بات منوانے کےلیے پہلے بھارت کی طرح طاقتور ہونا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مسئلہ انفرادی شخصیات پر انحصار ہے، پی سی بی کی ایک پالیسی ہونی چاہیے جو بھی چیئرمین ہو اسے تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ ہاکی کا یہ حال پالیسیوں کی تبدیلیوں کی وجہ سے ہوا، اب کرکٹ کا یہ حال نہیں ہونا چاہیے۔
ڈائریکٹر کرکٹ لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس چوائسز کم ہیں، بھارت کے پاس پیسہ ہے ظاہر ہے وہ ڈکٹیٹ کرے گا۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جس کے پاس پاور ہوتی ہے وہی اپنی بات منواتا ہے، ہماری ویلیو نہیں ہے ہمیں طاقت ور بننا ہے کہ اپنی بات منوا سکیں۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ سیاست کو کھیل سے الگ کرنا ہوگا، ہمیں خود کو بہتر کرنا ہے۔
Comments are closed.