بدھ یکم شعبان المعظم 1444ھ 22؍فروری 2023ء

پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے، صائم ایوب

پشاور زلمی کے نوجوان بیٹر صائم ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کے لیے کھیلنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صائم کا کہنا تھا کہ اچھی اننگز کھیل کر اعتماد ملتا ہے لیکن کوشش کروں گا کہ اگلی بار میچ وننگ اننگز کھیلوں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں بابر اعظم اور سیمی جیسے لوگ موجود ہیں،  ان سینئرز سے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

پشاور زلمی کے بیٹر کا کہنا تھا کہ سینئرز سے سیکھتا ہوں کہ میچ کی کس صورتحال میں کیا کرنا ہے، جو سیکھتا رہوں گا اس پر ٹورنامنٹ میں عمل درآمد کرتا رہوں گا۔

صائم ایوب نے کہا کہ بابر اعظم نوجوان کرکٹرز کو بہت سپورٹ کرتے ہیں، جب کوئی مشکل ہوتی ہے تو بابر اعظم سے ہی پوچھتا ہوں کہ کیا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا ہدف ہے میں اپنی ٹیم کے لیے میچ ونر پلیئر بنوں، کوشش ہو گی کہ زیادہ سے زیادہ رنز کروں اور ٹیم کو میچز جتواؤں۔

صائم ایوب نے کہا کہ اگر ٹیم کو جتوانے میں کامیاب رہا تو میرا مقصد پورا ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کےلیے کھیلنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے، میرا بھی ہے لیکن فی الحال میری توجہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پر ہے، اس سے آگے کا نہیں سوچ رہا۔

صائم ایوب نے کہا کہ جو پراسس ہے اس کو فالو کر رہا ہوں، جب موقع ملا تب ضرور کھیلوں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.