عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے چیف ناتھن پورٹر نے کہا ہے کہ پاکستان نے شرائط کے مطابق اقدامات کیے ہیں۔
ایک بیان میں آئی ایم ایف چیف نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں پاکستان نے قرض پروگرام بحالی کی کوششیں کی ہیں، اسلام آباد نے آئی ایم ایف شرائط کے مطابق اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات میں بجٹ کا پاس ہونا بھی شامل ہے، مہنگائی کو کم کرنے کےلیے پالیسی ریٹ سخت کیا گیا ہے۔
ناتھن پورٹر نے مزید کہا کہ نئے بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کےلیے اقدامات کیے گئے جبکہ ترقیاتی اور سماجی شعبے کےلیے فنڈز بڑھائے گئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ فارن ایکسچینج کی بہتر کارکردگی اور ادائیگیوں کے توازن کی بہتری کےلیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔
آئی ایم ایف چیف نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ جلد معاہدے پر پہنچنے اور مالی امداد فراہم کرنے کےلیے مذاکرات جاری ہیں۔
ناتھن پورٹر کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کی جلد بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف پُرامید
وزیراعظم شہباز شریف پُرامید ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدے پر ایک دو دن میں فیصلہ ہوجائے گا۔
وزيراعظم نے چند روز میں منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) آئی ایم ایف کرسٹلینا جارجیوا سے آج چوتھا رابطہ کیا، فرانس میں تین ملاقاتوں کے بعد آج ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، جس کے دوران معاشی صورت حال میں بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گيا۔
وزيراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔
اس موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا پاکستان کی معاشی صورتِ حال میں بہتری چاہتے ہیں، کرسٹلینا جارجیوا نے وزیر اعظم شہباز شریف کے قائدانہ عزم کو بھی سراہا۔
Comments are closed.