بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار990 سے تجاوزکرگئی

اسلام آباد: کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 29 ویں پر آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 78 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 3 ہزار 447 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار993  تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 61 ہزار 473 ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 80 ہزار375 ہے اور 7 لاکھ 62ہزار 105 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں9ہزار 58 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 742، خیبرپختونخوا 3 ہزار615، اسلام آباد 715، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 248 اور آزاد کشمیر میں 508 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 78 ہزار 200، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 24 ہزار 484، پنجاب 3 لاکھ 19 ہزار 365، سندھ 2 لاکھ 92 ہزار644، بلوچستان 23 ہزار447، آزاد کشمیر 17 ہزار945 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 388 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کی ویکسی نیشن جاری ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسی نیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسی نیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔

این سی او سی کے مطابق  ویکسی نیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسی نیشن سینٹر قائم کیے جاچکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسی نیشن کی جا رہی ہے جبکہ ملک میں مثبت کیسز آنے کی شرح 9 اعشاریہ 12 فیصد ہوگئی ہے۔

خیال رہے چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے سب سے زیادہ 27 اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں جبکہ پنجاب 26 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پررہا جبکہ بلوچستان میں 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک موت ہوئی ہے جبکہ کورونا وائرس کے مزید 37 ہزار 756 ٹیسٹ کیے گئے۔

واضح رہے سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے ملک میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں تیزی آنے لگی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں عید کی تعطیلات کے ساتھ مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.