پاکستان بھر میں مسلمان آج عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔
کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر، ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ جس کے بعد شہر شہر، گاؤں گاؤں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔
ملک بھر میں شہری نماز عید کے بعد اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے بھی جارہے ہیں۔
مختلف شہروں میں قائم مویشی منڈیوں میں اب بھی کئی بیوپار اپنے جانوروں کے لئے خریداروں کے انتظار میں ہیں۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظرمحکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ پرایس اوپیز جاری کردی ہیں جس کے تحت رہائشی علاقوں میں گھروں کے سامنے سڑکوں، گلیوں میں قربانی کی اجازت نہیں ہے، جانوروں کی قربانی کے لیے کھلے میدان کا انتخاب کرنے جبکہ قربانی کرتے ہوئے مجمع اکٹھا نہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،محکمہ اوقاف اور پولیس کو کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات بھی کھلی جگہ میں منعقد کئے جائیں گے اور ایک ہی مقام پر نماز عید کے ایک سے زائد اجتماعات الگ اوقات میں کئے جائیں، نوٹیفکیشن کے مطابق نماز عید کے لئے آنے والوں کو تھرمل اسکینر سےگزارا جائے، نماز کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے اور عید کے اجتماعات میں بیمار افراد، بچوں اور بزرگ شہریوں کو شرکت نہ کرنے دی جائے، فیس ماسک کا استعمال لازمی، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی گریز کیا جائے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالاضحی پر عالم اسلام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کورونا کے عالمی امتحان میں سرخرو ہونے کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ماسک پہنیں، ہاتھ دھوئیں، سماجی فاصلہ رکھیں۔
عید الاضحی کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو،قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
عید کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ، اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے سامنے غیر مشروط طور سر بسجود ہونے اور اس پر کامل یقین رکھنے کی یاد دلاتی ہے، اور اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر ایک عظیم مقصد کی خاطر قربانی دینے کا درس ہے۔
مسلم لیگ نون کے صدر محمد شہباز شریف نے عالم اسلام کو حج اور عیدالاضحٰی کی مبارک دی اور کہاہے کہ حج اس بار بھی کورونا وبا کے مصائب میں آیا ہے، اللّٰہ تعالی اس موذی مرض سے دنیا کونجات دے۔
Comments are closed.