جرمنی میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی مشکلات سے لوگوں کو نکالنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے برلن میں پاکستانی کمیونٹی کے سیاسی و سماجی رہنماؤں سے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی دادرسی کے لیے مدد کی اپیل کی۔
برلن میں پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان میں متاثرہ افراد تک امداد پہنچانے کے سلسلے میں لائحہ عمل طے کرنے کے لیے کمیونٹی ممبران سے مشاورت بھی کی۔
پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر فیصل نے اس غیر معمولی آفت سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے مل کے کام کرنے اور بڑھ چڑھ کر مدد کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مقيم پاکستانی کمیونٹی کے ممبران کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں متحد اور آپس کے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر بحیثیت ایک قوم اس مشکل گھڑی میں ملک کی مدد کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے خصوصی وزیراعظم ریلیف فنڈ بنایا گیا ہے جو پوری دنیا سے اس ضمن میں عطیات جمع کرے گا۔
علاوہ ازیں سفير پاکستان نے جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان سرگرمیوں کے بارے میں آگہی پیدا کریں تاکہ متاثرہ افراد کی مدد ہوسکے۔
ڈاکٹر فیصل نے جرمنی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی جانب سے اپنی اپنی یونیورسٹیوں میں سیلاب زدگان کی حالت زار کے بارے میں آگہی کے لیے لگائے گئے کیمپس کے عمل کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے سفیر پاکستان کو یقین دلایا کہ وہ اس مشکل چیلنج سے احسن طریقے سے نمٹنے کی کوشش کریں گے اور اپنے پاکستانی بھائی بہنوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
Comments are closed.