ہفتہ 20؍ربیع الاول 1445ھ7؍اکتوبر 2023ء

پاکستان میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا فین

بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ ایک جانب بھارت نے پاکستانی صحافیوں اور کرکٹ فینز کو ابھی تک ویزے جاری نہیں کئے تو دوسری جانب پاکستان میں کرکٹ فین شاہد لاکھانی بھارتی ٹیم کی شرٹس پہنے بھارتی ٹیم سے والہانہ محبت کا اظہار کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام امن پسند ہیں، پاکستانی تنگ نظر نہیں، پاکستانی دنیا بھر میں محبت بانٹنا جانتے ہیں۔ بھارتی عوام بھی پاکستانیوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم کو بھارت میں اس قدر شاندار استقبال کی توقع نہیں تھی، بہترین مہمان نوازی کی جا رہی ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ ہم بھارت میں نہیں بلکہ اپنے گھر (پاکستان) میں موجود ہیں۔

شاہد لاکھانی نے کہا کہ پاکستان ٹیم اور بابر اعظم کا جس طرح ایئرپورٹ پر استقبال کیا انہوں نے پاکستانیوں کا دل جیت لیا۔ کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ پاک بھارت کے تعلقات خوشگوار ہوں اور دونوں کے درمیان امن قائم ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میری فیورٹ ٹیم ہے، ویرات کوہلی کی بیٹنگ کو بہت پسند کرتا ہوں۔ بھارتی بھی ہمارے ہیروز بابر اعظم، شاہین آفریدی، رضوان کو پسند کرتے ہیں۔

14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہے، اس حوالے سے ا ن کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ٹیمیں مضبوط ہیں اور میں دونوں کو سپورٹ کروں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.