چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں انصاف کا نظام لے کر آنا ہے، طاقتور چوری کرتا ہے این آر او لے لیتا ہے۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ نامعلوم افراد آکر لوگوں کو اٹھاتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ہمارے لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈالتے ہیں، جو علی امین کے ساتھ کیا گیا آزاد معاشروں میں یہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں، طاقتور کو قانون کے نیچے لے کر آنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جنگ میں شامل خواتین اور نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دنیا کے ہر انقلاب میں خواتین کا بڑا کردار ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جو لوگ مجھے قتل کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ حکومت میں بیٹھے ہیں، سیکیورٹی کی وجہ سے احتیاط کررہا ہوں ورنہ آج عوام کے درمیان ہوتا۔
عمران خان نے کہا کہ برطانیہ میں انصاف کا نظام نہ دیکھتا تو مجھے بھی غلامی کا احساس نہیں ہونا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم باہر جاکر کہتا ہے کہ بھیک مانگنے نہیں آیا لیکن میں مجبور ہوں، یہ غلام ذہن کے ہیں یہ ہمیشہ ہی غلام رہیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ چوری اور کرپشن کو برا ہی نہیں سمجھتا تھا، وہ ان کی حمایت کرتا تھا جنہوں نے این آر او لیے۔ عمران نے کہا کہ باجوہ نے ہمیں انصاف قائم نہیں کرنے دیا۔
عمران خان نے کہا کہ آج حالات یہ ہیں کہ حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانتی، حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانے تو کون یہاں سرمایہ کاری کرے گا۔
Comments are closed.